حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سال کی بہترین کتاب کے انتخاب کے سلسلے میں قم المقدسہ میں منعقد ہونے والی ستائیسویں "کتاب سال حوزہ" کانفرنس میں ایک ہزار پانچ سو سے زائد محققین اور اہلِ قلم نے شرکت کی، جو حوزہ ہائے علمیہ کے علمی معیار اور تحقیقی سرگرمیوں کا واضح ثبوت ہے۔
حوزہ علمیہ کے شعبہ تحقیق کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین فرہاد عباسی نے اختتامی تقریب سے قبل منعقدہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس علمی کانفرنس کی اختتامی تقریب 25 شعبان المعظم کو منعقد کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس حوزہ علمیہ کی علمی جدوجہد، سماجی مسائل سے وابستگی اور عصری تقاضوں سے ہم آہنگی کی علامت ہے۔ ان کے مطابق، اس پروگرام کا مقصد محققین کی علمی خدمات کو سراہنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
حجت الاسلام عباسی نے شہدائے انقلاب اسلامی اور امام خمینیؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں علمی خودمختاری اور فکری ترقی انہی قربانیوں کا نتیجہ ہے، جن کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حوزہ ہائے علمیہ علومِ اسلامی اور انسانی کی تیاری میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں، جہاں ادارہ جاتی اور انفرادی سطح پر کتابیں اور تحقیقی مقالات تیار کیے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ اس سال آیت اللہ فیاضی کو ممتاز علمی شخصیت قرار دیا گیا ہے، جبکہ مرحوم آیت اللہ العظمیٰ سید محمد باقر صدر کو ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔
سربراہ شعبہ تحقیق کے مطابق، کتاب سال کانفرنس کو محض ایک تقریب تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ اسے ایک مستقل علمی تحریک میں تبدیل کیا جائے گا، جس کے تحت نظریاتی نشستیں، تحقیقی نشست اور علمی مکالمے منعقد کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موصول ہونے والے تحقیقی آثار حوزہ کی مجموعی علمی پیداوار کا تقریباً 60 فیصد ہیں، جبکہ بعض محققین مختلف وجوہات کی بنا پر اپنی تخلیقات پیش نہیں کر سکے۔
آخر میں انہوں نے بتایا کہ اختتامی تقریب میں آیت اللہ اعرافی اور آیت اللہ حسینی بوشہری شرکت کریں گے، جبکہ آیت اللہ العظمیٰ جوادی آملی کا خصوصی پیغام بھی پیش کیا جائے گا۔ یہ تقریب مدرسہ امام کاظمؑ، قم میں منعقد ہوگی۔









آپ کا تبصرہ